Submission

Submission — سبمشن (اسلام): 33 زبانوں میں، حقیقی اسلام کے بارے میں درست معلومات کا دنیا کا سب سے بڑا ذریعہ۔

سورۃ 8: جنگ کا مال غنیمت(الانفال)

خدا کے نام سے جو نہایت مہربان اور رحم کرنے والا ہے ۔

[8:1] وہ جنگ کے اموال غنیمت کے بارے میں مشورہ کرتے ہیں ۔کہہ دیجیے ،’’یہ اموال جنگ خدا اور رسول کے ہیں ۔‘‘تم خدا کی طرف دھیان رکھو،ایک دوسرے کو راستبازی کی تلقین کرو،اور خدا اور اس کے پیغمبر کی اطاعت کرو ،اگر تم ایمان والے ہو۔

سچے ایمان والے

[8:2] سچے ایمان والے وہ ہیں ،جب خدا کا ذکر کیا جاتا ہے تو ان کے قلوب کانپ جاتے ہیں،اور جب انہیں اس آیات سنائی جاتی ہیں،ان کا ایمان مضبوط ہو جاتا ہے اور وہ اپنے خدا پر بھروسہ رکھتے ہیں۔

[8:3] وہ نماز (صلواۃ)قائم کرتے ہیں ،اور جونعمتیں ہم نے انہیں دی ہیں ،ان میں سے خیرات کرتے ہیں ۔

[8:4] یہ ہیں سچے ایمان والے ۔وہ اپنے خدا کے ہاں عظیم مرتبے پاتے ہیں ،اوربخشش اور وافر رزق بھی ۔

کمزور ایمان والے

[8:5] تمہارے رب نے چاہا کہ تم اپنے گھر چھوڑ دو، ایک خاص منصوبہ پورا کرنے کےلئے ،بعض ایمان والے متامل ایمان والوں کے طورپر ظاہر ہوگئے۔

[8:6] انہوں نے حق کےخلاف تم سے بحث کی ،جبکہ ہر شے ان پر واضح کی جاچکی تھی ۔انہوں نے ایسے کیا جیسے انہی ںسی موت کی طرف دھکیلا جارہا ہے ۔

[8:7] یا د کرو کہ خدا نے تم سے ایک گروہ پر فتح کا وعدہ کیا تھا ،لیکن تم پھربھی کمزور گروپ کا سامنا کرنا چاہتے تھے ۔یہ خدا کا منصوبہ تھا کہ اپنے فرامین کے ذریعے حق کو قائم اور کافروں کو شکست دے ۔

[8:8] کیونکہ اس نے لکھ دیا ہے کہ حق قائم رہے ،اور باطل مٹ جائے ،غلط کاروں کی مخالفت کے باوجود ۔

خدا کے دکھائی نہ دینے والے سپاہی

[8:9] اسطر ح جب تم نے گڑگڑا کرخدا کو مدد کےلئے پکارا تو اس نے تمہیں جواب دیا :’’میں تمہاری پے درپے ایک ہزار فرشتوں سے مدد کررہا ہوں۔‘‘

ایمان والوں کےلئے فتح کی ضمانت

[8:10] خدا نے تمہارے قلوب مضبوط کرنے کےلئے یہ خوشخبری تمہیں دی تھی ۔فتح صرف خدا کی طرف سے ہوتی ہے ۔خدا سب سے طاقتور اور سب سے دانا ہے ۔

[8:11] اس نےتم پرپرسکون اونگھ طاری کردی تمہیں مطمئن کرنےکےلئےاورآسمان سےپانی برسایاتمہیں اس کےساتھ صاف کرنےکےلئے۔اس نےتمہیں شیطان کی پھٹکارسےبچالیا،تمہارےدلوں کویقین دہانی کرائی اورتمہارےقدم جما دئیے۔

تاریخ کےاسباق*

[8:12] یا د کرو کہ تمہارے رب نے فرشتوں کو حکم دیا:’’میں تمہارے ساتھ ہوں ؛اسلیے ان کی مدد کرو جو ایمان لائے ہیں۔جنہوں نے کفر کیا ہے میں ان کے دلوں میں دہشت ڈال دو ںگا ۔تم خواہ ان کی گردنوں پر وار کرو یا ہر انگلی پر۔‘‘

[8:13] یہ وہی ہے جو انہوں نے خدا اوراسکے پیغمبر کے ساتھ لڑ ائی کرکے بالکل صحیح پایا ہے ۔وہ لوگ جو خدا اور اس کے پیغمبر کے ساتھ لڑتے ہیں ،ان کے لئے خدا کی سزا بہت سخت ہے۔

[8:14] اس کا مقصد کافرو ں کو سزا دینا ہے ،انہوں نے جہنم کا عذاب حاصل کرلیا ہے ۔

[8:15] اے لوگو،جو ایمان رکھتے ہو،اگر تمہارا مقابلہ ان کافروں سے ہو جنہو ں نے تمہارے خلاف محاذ آرائی کی ہے تو نہ پیٹھ پھیرنااور نہ بھاگنا ۔

[8:16] اس روز جو کوئی پیٹھ موڑے گا سوائے جنگی منصوبہ پر عملدرآمد کےلئے ،یا اپنے گروہ سے ملنے کےلئے ،تو اس پر خدا کا غضب پڑ یگا اور اس کا ٹھکانہ جہنم ہوگا؛ کیا ہی بری منزل ہے وہ!

سب کچھ خدا کررہاہے*

[8:17] تم نے ان کو نہیں مارا ہے؛وہ خداہے جس نے ان کو مارا ہے۔اور جب تم نے ان پر پھینکی،تووہ تم نے نہیں پھینکی ؛یہ خدا نے پھینکی تھی ۔اس طرح خدا ایمان والوں کو اجر عظیم حاصل کرنے کا موقع دیتا ہے۔خدا سننے والا اور عالم الغیب ہے۔

[8:18] علاوہ ازیں، خدا کافروں کے منصوبوں پر پانی پھیر دیتا ہے۔

[8:19] تم نے فتح چاہی تھی (اے کافرو)،اور فتح یقینا آگئی ؛یہ ایمان والوں کی تھی ۔اگر تم (زیادتیوں سے )باز رہویہ تمہارے لیے بہترہوگا۔اگر تم پھر گئے تو پھرہم بھی ایسا ہی کرینگے۔تمہاری فوجیں کبھی تمہاری مدد نہیں کرینگی ،خواہ وہ کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہوں۔کیونکہ خدا ایمان والوں کی طرف ہے۔

[8:20] اے لوگو جو ایمان لائے ہو،خدا کی اطاعت کرو اور اس کے پیغمبر کی ،اور جب تم اس کو سنو تو لاپروائی نہ کرو۔

کافر الگ کردیئے گئے

[8:21] ان کی طرح مت ہوجائو جو کہتے ہیں ،’’ہم سنتے ہیں ،‘‘جب وہ نہیں سنتے۔

[8:22] خدا کی نگاہ میں وہ لوگ سب سے برے ہیں جوبہرے اور گونگے ہیں ،جو سمجھتے نہیں ہیں۔

[8:23] اگر خداکو ان میں کوئی اچھا ئی معلوم ہوتی تووہ انہیں سامع بنا دیتا ۔اگر وہ انہیں سامع بنابھی دیتا ، وہ پھر بھی بیزاری سے منہ پھیر لیتے۔

نیک لوگ حقیقت میں نہیں مرتے*

[8:24] اے لوگوجو ایمان لائے ہو،خدا اور اسکے رسول کی بات کا جواب دو جب وہ تمہیں اس چیز کی طرف بلائیں جو تمہیں زندگی بخشتی ہے۔*تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ تمہارا خدا تمہارے دل سے زیاد ہ قریب ہے،اور تم اسی کے سامنے حاظر کیے جائو گے۔

[8:25] اس عذاب سے خبر دار رہو ،جو تم میں سے صرف برے لوگوں تک محدود نہیں رہے گا۔*تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ خدا کا عذاب بہت سخت ہے ۔

خدا ایمان والوں کی حمایت کرتا ہے

[8:26] یاد کرو تم چند ایک اور مظلوم تھے ،تمہیں خوف تھا کہ لوگ تمہیں جھپٹ کر لے جائیں گے،اور اس نے تمہیں محفوظ ٹھکانا عنایت کیا ،اپنی نصرت سے تمہاری مدد کی ،اورتم کو نعمتیں عطا کیں،تاکہ تم شکر گزار بنو۔

[8:27] اے لوگوجو ایمان لائے ہو،خدا اورپیغمبر سے انحراف نہ کرو،اور ان کو دھوکہ نہ دو جو تم پر اعتماد کرتے ہیں ،اب جبکہ تم جانتے ہیں ۔

پیسہ اوربچے آزمائش ہیں

[8:28] تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ تمہاری دولت اورتمہارے بچے آزمائش ہیں،اوریہ کہ خدا کے پاس اجرعظیم ہے۔

[8:29] اے لوگوجوایمان لائے ہو،اگر تم خدا کی تکریم کرو گے تو وہ تمہیں روشنی بخشے گا،تمہارے گناہ بخش دے گا ،اورتمہیں معاف کردیگا ۔خدا کا فضل لامحدودہے۔

خدا اپنے پیغمبر کی حفاظت کرتا ہے*

[8:30] کافر سازشیں اور سکیمیں بناتے ہیںتمہیں بے اثر کرنے کےلئے،تمہیں مارنے کےلئے اور تمہیں شہربدر کرنے کےلئے،تاہم وہ سکیمیں اور سازشیں ہی کرسکتے ہیں ،لیکن خدا بھی یہی کرتا ہے ،خدا سب سے بہتر سکیمیں بنانے والا ہے۔

[8:31] جب ہماری آیات ان کو سنائی جاتی ہیں،وہ کہتے ہیں،’’ہم نے سن لیا ۔اگر ہم چاہتے توہم بالکل یہی بات کہہ سکتے تھے ۔یہ ماضی کے قصوں سے زیادہ کچھ نہیں!‘‘

[8:32] انہوں نے یہ بھی کہا،’’ہمارے خدا ،اگریہ واقعی تمہاری طرف سے حق ہے، توپھرہم پر آسمان سے پتھر برسا،یا ہم پر دردناک عذاب نازل کر۔‘‘

[8:33] تاہم خدا ان کو سزا نہیں دے گا جب تم ان کے درمیان ہو؛خدا ان کو سزا نہیں دے گا جبکہ وہ بخشش مانگ رہے ہوں۔

[8:34] کیا وہ خدا کے عذاب کے مستحق نہیں،دوسروں کو مسجد مقدس سے روک کر،جبکہ وہ اس کے متولی بھی نہیں ہیں۔اس کے اصلی متولی تو متقی لوگ ہیں،لیکن ان میں سے بیشتر جانتے نہیں۔

نمازیں(صلواۃ) قرآن سے پہلے موجود تھیں*

[8:35] خانہ (کعبہ)میں ان کی نمازیں دکھاوے اور لوگوں کو (باہر جمع کرکے)روکنے کے بہانے سے زیادہ نہیں تھیں ۔لہذا اب اپنے کفر کی سزا بھگتو۔

وہ خدا سے جنگ پر اپنا پیسہ خرچ کررہے ہیں*

[8:36] وہ جو کفر کرتے ہیںاپنی دولت دوسروں کو خدا کے راستے سے روکنے پر خرچ کرتے ہیں۔وہ اسے خرچ کرینگے،تب وہ ان کے لئے افسوس اورملامت میں بدل جائیگی ۔آخرکار ،ان کوشکست ہوگی،اور تمام کافرجہنم کی طرف اکھٹے کئے جائیں گے۔

[8:37] خدا برائی کو اچھائی سے چھان کر الگ کردیگا،پھر ایک برائی کو دوسری برائی پر رکھا جائیگا ،تمام ایک انبار میں ہونگی ،پھر انہیں جہنم میں پھینکے گا۔یہ ہیں جو خسارے میں ہیں۔

[8:38] بتادو انہیں جنہوں نے کفر کیا :اگر وہ باز آجائیں تو ان کا سب پچھلا معاف کردیا جائیگا اور اگر وہ پھر مڑ گئے تو ان کا حال پہلے ہم منصبوں جیسا ہی ہوگا۔

[8:39] ظلم کے خاتمہ اور اپنے مذہب کو صرف خدا کےلئے خالص کرنے کےلئے تم ان سے جنگ کرو۔اگر وہ جارحیت سے باز آجائیں تو خداہروہ چیز دیکھنے والا ہے جو یہ کرتے ہیں۔

[8:40] اگر وہ بے رخی کریں تو جان رکھوکہ خدا تمہارا رب اور آقا ہے ؛بہترین رب اور آقا اور بہترین حامی ۔

[8:41] جان رکھوکہ اگر تمہیں جنگ سے کوئی مال غنیمت حاصل ہو،تو اس کا پانچواں حصہ خدا اور رسول کا ہوگا ،یہ رشتہ داروں،یتیموں،غریبوں اور اجنبی مسافروں دیا جائیگا۔اگر تم خدا پر اور اس پر ایمان رکھتے ہو، جو ہم نے اپنے بندے پر فیصلے والے دن نازل کیا تو تم ایسا کروگے۔وہ دن وہ تھا جب دو فوجیں آپس ٹکرائی تھیں ۔خدا قادرمطلق ہے ۔

وہ ہرچیز کنٹرول کرتا ہے اور مومن کےلئے تدبیر کرتا ہے ۔

[8:42] یاد کرو تم وادی کی اس طر ف تھے اور وہ دوسری طرف ،پھر ان کے کافلے کو نچلی زمین پر آنا پڑا ۔اگر تم ایسی منصوبہ بندی کرتے تو یہ نہ کرسکتے ۔ لیکن خدا پیش معینہ معاملہ کو آگے بڑھانے والا تھا ،جن کی قسمت میں ہلاکت تھی وہ واضح دلیل کے ساتھ ہلاک کردیئے گئے اور جن کی قسمت میں بچنا تھا وہ و اضح دلیل کے ساتھ بچالیے گئے ۔خدا سب کچھ سننے والا اور ہمہ بین ہے۔

[8:43] خدا نے انہیں آپ کے خواب میں(اے محمد) تعداد میں کم ظاہر کیا ۔اگر وہ انہیں زیادہ تعداد میں ظاہر کرتا توآپ ناکام ہوسکتے تھے اورتم لوگ آپس میں الجھ پڑتے۔لیکن خدا نے صورتحال سنبھال لی ۔وہ دلوں میں بھی چھپے ہوئے خیالات جانتا ہے۔

[8:44] اور جب وقت آیا اور آپ نے ان کا سامنا کیا ،تو اس نے انہیں تمہاری نگاہوں میں کم ظاہر کیا ،اوران کی نگاہوں میں تمہیں بھی کم تعداد میں ظاہر کیا ۔کیونکہ خدا ایک خاص منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچانا چاہتا تھا ۔تمام فیصلے خدا کرتا ہے۔

[8:45] اے لوگوجو ایمان رکھتے ہو،جب تمہارا کسی فوج سے مقابلہ ہوتو ثابت قدم رہو اور خدا کو مسلسل یاد کرو،تاکہ تم کامیاب ہوسکو۔

[8:46] تم خدا کی اطاعت کرو اور اس کے پیغمبر کی ،اورآپس میں مت جھگڑو،مبادہ تم ناکام رہو اور اپنی طاقت منتشر کربیٹھو۔ تم ثابت قدمی سے ڈٹے رہو۔خدا ان کے ساتھ ہے جو ثابت قدمی سے ڈٹے رہتے ہیں۔

[8:47] ان کی طرح مت ہو جائو جنہوں نے بادل نخواستہ اپنے گھر چھوڑ ے،صرف دکھاو ے کےلئے ،اوردرحقیقت دوسروں کی حوصلہ شکنی کی خدا کے راستے پر چلنے سے ۔ خدا ہر اس چیز سے پوری طر ح آگاہ ہے جو یہ کرتے ہیں۔

شیطان خدا کے غیر مری فوجیوں کو دیکھتا ہے ۔

[8:48] شیطان نے ان کے اعمال ان کی نگاہوں میں خوشنما بنادیئے تھے ،اور کہا ،’’تم آج کسی قوم سے شکست نہیں کھا سکتے ،‘‘اور’’میں تمہارے ساتھ مل کر جنگ کروں گا۔‘‘لیکن جونہی دونوں فوجوں کا آمنا سامنا ہوا تو وہ انہی قدموں پر پھر گیا اور یہ کہتے ہوئے بھاگ گیا،’’ میرا تمہارے ساتھ کوئی تعلق نہیں،جو میں دیکھتا ہوں تم نہیں دیکھتے ۔میں خدا سے ڈرتا ہوں ،خدا کی سزا نہایت درد ناک ہے۔‘‘

[8:49] منافقین اور جنہوں نے اپنے قلب میں شک پال رکھے تھے کہا،’’یہ لوگ اپنے مذہب سے دھوکہ کھا تے ہیں۔‘‘تاہم ،اگر کوئی خدا پر بھروسہ رکھے ،تو پھر خدا قادرمطلق اور سب سے دانا ہے ۔

[8:50] کاش تم ان لوگوں کو جنہوں نے کفر کیا اس وقت دیکھتے جب فرشتوں نے ان کی جان قبض کی !وہ انہیں منہ پر اورپیٹھ پر ماریں گے :’’جہنم کے عذاب کا مزہ چکھو۔‘‘

[8:51] ’’یہ اسی کا نتیجہ ہے جو تمہارے ہاتھوں نے آگے بھیجا ہے ۔خدا کبھی مخلوقات سے ناانصافی نہیں کرتا ۔‘‘

[8:52] یہ انجام بالکل فرعون کی قوم جیسا اوران جیسا ہے جنہوں نے ان سے قبل کفر کیا تھا ۔انہوں نے خدا کی آیات کو جھٹلایااور خدا نے ان کے گناہوں پر ان کو سزا دی۔خدا طاقت والا اور اس کی سزا نہایت سخت ہے ۔

عذاب :گناہ کا نتیجہ

[8:53] خدالوگوں کو عنایت کردہ نعمت میں اس وقت تک کوئی تبدیلی نہیں کرتا جب تک وہ خود اس کو تبدیل کرنے کا فیصلہ نہیں کرتے۔خدا سب کچھ سننے والا اورہمہ بین ہے۔

[8:54] ایسا ہی معاملہ فرعون کی قوم اور ان سے پہلے والوں کا تھا ۔انہوں نے پہلے رب کی نشانیوں کو جھٹلایا ۔چنانچہ ہم نے ان کے گناہوں کی وجہ سے تباہ کردیا ۔ہم نے فرعون کے لوگوں کو غرق کردیا ؛ظالموںکو ایک جیسی سزا دی گئی ۔

[8:55] خد ا کی نظر میں وہ لوگ بدترین ہیں جنہوں نے کفر کیا ؛وہ ایمان نہیں لاسکتے ۔

[8:56] تم ان سے معاہدے کرتے ہو،لیکن وہ ہر بار اپنے معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں؛وہ دیانت دار نہیں ہیں۔

[8:57] لہذا ،اگر جنگ میں تمہارا ان سے مقابلہ ہوجائے تو انہیں سیدھا کردو تاکہ وہ بعد میں آنے والوں کےلئے عبرت کی مثال بن جائیں ،شاید کہ وہ غور کریں۔

[8:58] اگر لوگوں کا کوئی گروہ تمہارے ساتھ وعدہ خلافی کرئے، توتم اس کے خلاف اسی قسم کی فوج کشی کرو۔خدا وعدہ خلافی کرنے والوں سے محبت نہیں کرتا ۔

[8:59] جو کفر کرتے ہیں انہیں یہ مت سوچنے دو کہ وہ اس طرح بچ جائیں گے ؛وہ کبھی بچ نہیں سکتے ۔

اپنے آپ کو تیار رکھو: ایک خدائی حکم

[8:60] تم ان کےلئے جتنی بھی طاقت جمع کرسکتے ہوتیار رکھو،اور تمام ہتھیار بھی جو تم جمع کرسکتے ہو،تاکہ تم خدا کے دشمنوں،اپنے دشمنوں کو خوفزدہ کرسکواور ان کوبھی جنہیں تم نہیں جانتے ؛خدا ا نہیں جانتا ہے۔تم جو کچھ بھی خدا کی راہ میں خرچ کرو گے وہ تمہیں فراخی سے لوٹایا جائیگا،رتی بھر ناانصافی کے بغیر ۔

[8:61] اگر وہ امن کی طرف آئیں تو تم بھی ویسا کرو،اور اپنا بھروسہ خدا پر رکھو۔وہ سب کچھ سننے والا اور ہمہ بین ہے۔

خدا ایمان والوں کےلئے کافی ہے

[8:62] اگر وہ تمہیں دھوکہ دینا چاہیں ،تو پھر تمہارے لیے خدا کافی ہے۔وہ اپنی کمک سے تمہاری مدد کریگا اور ایمان والوں کے ساتھ ۔

[8:63] اس نے(مومون کے)کے دل ملا دیئے ہیں۔اگر تم روئے زمین کی تمام دولت بھی خرچ کردیتے ،تو بھی ان کے دل ملا نہ سکتے ۔لیکن خدا نے انہیں ملا دیا۔وہ قادرمطلق اور سب سے دانا ہے۔

[8:64] اے نبی،آپ کےلئے خدا کافی ہے اور ان ایمان والوں کےلئے بھی جنہوں نے آپ کی پیروی کی ہے۔

[8:65] اے نبی،آپ ایمان والوں کو جنگ کی ترغیب دیں ۔اگروہ بیس ثابت قدم ہوں تو دو سو کو شکست دے سکتے ہیں ،اور تم میں سے سوایک ہزار ایمان نہ لانے والوں کوشکست دے سکتے ہیں۔ایسا اس لیے ہے کہ وہ ایسے لوگ ہیں جو سمجھتے نہیں ۔

[8:66] اب (جبکہ بہت سے نئے لوگ تم سے مل گئے ہیں)خدا نے یہ کام تمہارے لیے آسان تر کردیا ہے ،کیونکہ وہ جانتا ہے کہ تم اتنے مضبوط نہیں ہوجتنے تم ہوتے تھے۔اب کے بعد، سوثابت قدم مومن دو سو کو شکست دے سکتے ہیں ،اور تم میں سے ایک ہزار دو ہزار کو شکست دے سکتے ہیں،خدا کے حکم سے ۔خدا ان کے ساتھ ہے جو ثابت قدمی سے ڈٹ جاتے ہیں۔

[8:67] کوئی نبی قیدی حاصل نہیں کریگا ،جب تک وہ جنگ میں شرکت نہیں کرتا ،تم لوگ اس دنیا کے مال کی جستجو کررہے ہو ،جبکہ خدا آخرت کی تلقین کرتا ہے ۔خدا قادرمطلق ،سب سے دانا ہے۔

[8:68] اگر خدا نے اس کا حکم پیش معین نہ کردیا ہوتا تو تم مصیبت میں پڑجاتے ،اس کی بدولت جو تم نے لیا ،ایک خوفناک سزا ۔

[8:69] اسلئے جو مال غنیمت تم نے کمایا ہے اس میں سے کھائو،وہ جو جائز اور اچھا ہے ،اور خدا کی رضا جوئی کرو ۔خدا معاف کرنے والا نہایت رحم کرنے والا ہے ۔

[8:70] اے نبی ،آپ کے قبضے میں جو جنگی قیدی ہیں انہیں بتا دیں ،’’اگر خدا کو تمہارے دلوں میں کسی اچھی چیز کی خبر ہوتی تو وہ تمہیں اس سے بہتر چیز دیتا جو تم کھو چکے ہو،اور تمہیں بخش دیتا ۔خدا معاف کرنیوالا اور نہایت رحم کرنے والا ہے ۔‘‘

[8:71] اگر وہ تمہیں دھوکہ دینا چاہتے ہیں ،تو وہ خدا کوبھی پہلے دھوکہ دے چکے ہیں ۔اسی لیے اس نے انہیں خسارے میں رکھا ہے ۔خدا ہمہ بیں اور نہایت دانا ہے ۔

[8:72] بے شک ،جو ایمان لائے ،اور ہجرت کی اور راہ خدا میں اپنے جان ومال سے جدوجہد کی ،اور وہ بھی جنہوں نے ان کی میزبانی کی اور انہیں پنا ہ دی ،اور ان کی مدد کی ،وہ ایک دوسرے کے اتحادی ہیں ۔اور وہ جو ایمان لائے ،مگر آپ کے ساتھ ہجرت نہ کی ،آپکے ذمہ ان کی کوئی حمایت نہیں ،جب تک وہ ہجرت نہیں کرتے ۔تاہم ،دینی بھائیوں کی حیثیت میں انہیں آپکی مدد درکار ہو، تو آپ ان کی مدد کریں ،سوائے ان لوگوں کیخلاف جن سے آپ نے امن معاہد ہ کررکھا ہے۔خدا ہر چیز کو دیکھنے والا ہے جو تم کرتے ہو ۔

[8:73] جنہوں نے کفر کیا وہ ایک دوسرے کے اتحادی ہیں ۔جب تک تم ان احکامات کو قائم نہیں کروگے تب تک زمین پر افراتفری،اور خوفناک بدعنوانی موجود رہے گی ۔

[8:74] جو ایمان لائے اورہجرت کی ،اور خدا کی راہ میں جدوجہد کی ،اور وہ بھی جنہوں نے ان کی میزبانی کی اور انہیں پنا ہ دی ،اور ان کی حمایت کی ،یہ سچے ایمان والے ہیں ۔وہ بخشش اور اجر عظیم کے مستحق بن گئے ہیں ۔

[8:75] وہ لوگ جو اس کے بعد ایمان لائے اور ہجرت کی اور تمہارے ساتھ جہاد کیا وہ تمہارے ساتھ تعلق رکھتے ہیں ۔ وہ لوگ جو ایک دوسرے کے رشتہ دار ہیں خدا کے حکموں کے مطابق ایک دوسرے کی حمایت کرنے میں سب سے پہلے ہو ۔ خدا تمام چیزوں سے پوری طرح آگاہ ہے ۔